امریکی قونصلیٹ جنرل پشاور کے وفد کا ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

127
Rescue 1122

پشاور۔ 22 اگست (اے پی پی):امریکی قونصلیٹ جنرل پشاور کے وفد نے خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) کے صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔وفد نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد آیاز خان سے ملاقات کی۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد نے ریسکیو 1122 کے آپریشنل آلات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے وفد کو ریسکیو 1122 کی خدمات اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 عوام الناس کو شب و روز بلاتفریق خدمات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے، ریسکیو 1122 نے لاکھوں ایمرجنسیز کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کیں ہیں۔

ریسکیو 1122 کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے ریسکیو 1122 کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام تحصیلوں تک وسیع کردیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد آیاز خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے حالیہ سیلاب کے دوران دستیاب وسائل میں بہترین خدمات فراہم کیں جن میں ایمرجنسیز کے بعد میڈیکل کیمپس کے قیام سے زخمیوں و مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئیں، ریسکیو 1122 نہ صرف عوام الناس کو ایمرجنسیز کے دوران خدمات فراہم کرتا ہے بلکہ ان کے بچاؤ اور تدارک کےلیے بنیادی زندگی بچانے، فرسٹ ایڈ اور آگ سے بچاؤ کی تربیت فراہم کررہا ہے۔

امریکن قونصلیٹ کے وفد نے ریسکیو 1122 کے خدمات کو سراہتے ہوئے احساس تحفظ کا اظہار کیا اور کہا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات، آلات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے یقین ہوتا ہے کہ ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں.

وفد کے اراکین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام الناس کے لیے ریسکیو 1122 ایک نعمت ہے جس سے لوگ بلا معاوضہ مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے اور ان کو جدید ترین تربیت کےلیے بیرون ممالک بھیجنے کےلیے بھی انتظام کیا جائے گا۔