27.2 C
Islamabad
ہفتہ, اگست 30, 2025
ہومتجارتی خبریںامریکی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی بہتر ہو گی جو ایشیاء سے...

امریکی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی بہتر ہو گی جو ایشیاء سے باہر ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، افتخار علی ملک

- Advertisement -

لاہور۔3اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ 19 فیصد کا تجارتی ٹیرف فریم ورک پاکستان کے برآمدگی شعبے کے لیے بڑی پیش رفت ہے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومتی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیرف کے چیلنجز کے درمیان امریکا کے ساتھ 19 ٹیرف فریم ورک کا حصول ایک بڑی کامیابی ہے جس سے ہماری برآمدی صلاحیت کو تحفظ فراہم ہوا ہے۔ خاص طور پر ٹیکسٹائل، گارمنٹس اور آئی ٹی سروسز جیسے ویلیو ایڈڈ شعبوں میں برآمدات پر اس کے بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدہ سے امریکی مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی بہتر ہو گی جو ایشیاء سے باہر ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔ نظرثانی شدہ فریم ورک سے نہ صرف بیرونی ٹیرف دبائو میں کمی آئے گی بلکہ پاکستانی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں زیادہ مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ قابل اعتماد اور ذمہ دار تجارتی پارٹنر کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ کی عکاسی کرتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سفارتی و اقتصادی اقدامات قومی برآمدات کو بڑھانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں تعمیل، اختراع، اور مصنوعات کے تنوع پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اس کے لیے ضروری پالیسی و سٹرکچرل تبدیلیاں نا گزیر ہیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے جس سے نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور طویل مدتی معاشی استحکام حاصل ہو گا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں