کینبرا۔12مارچ (اے پی پی):آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے امریکی محصولات کو مکمل طور پر غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیاسٹیل اور ایلومینیم پر ٹرمپ انتظامیہ کے درآمدی ٹیکسوں سے استثنیٰ حاصل کرنے میں ناکامی کے باوجود امریکا پرجوابی محصولات عائد نہیں کرے گا۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے بدھ کو سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ محصولات دونوں قوموں کی پائیدار دوستی کے جذبے کے خلاف ہے اور بنیادی طور پر ان فوائد سے متصادم ہے جو ہماری اقتصادی شراکت داری نے 70 سال سے زائد عرصے میں فراہم کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آسٹریلیا پر محصولات عائد کرنے کا انتخاب بلاشبہ امریکا اور آسٹریلیا کے تعلقات کے لئے ایک منفی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے امریکا میں درآمدی لاگت بھی بڑھ جاتی ہے اور یہ اخراجات آسٹریلوی نہیں بلکہ امریکی برداشت کریں گے ۔آسٹریلوی وزیر اعظم نے کہا کہ محصولات عائد کرنے کا امریکی فیصلہ دوستانہ عمل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے امریکا کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور حقیقی دوستوں کو ایسے طریقوں سے کام کرنا چاہیے جس سے ان کی آبادی کے درمیان ان کی دوستی کے تصور کو تقویت ملے۔
انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اگرچہ یہ اقدام دوستانہ نہیں ہے لیکن اس کا اطلاق تمام ممالک پر ہوتا ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم نے تصدیق کی کہ آسٹریلیا امریکی صدر کے محصولات کے خلاف جوابی کارروائی نہیں کرے گا،اس طرح کے اقدامات سے صرف آسٹریلوی صارفین کے لئے قیمتیں بڑھیں گی اور افراط زر بڑھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا امریکا کے ساتھ تعمیری طور پر رابطے میں رہے گا۔