اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):امریکہ کی نائب سیکرٹری آف سٹیٹ وینڈی شرمن نے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف سے ملاقات کی ہے۔ پاک امریکہ وفود کی ملاقات میں باہمی امور اور خطے میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں معاشی تعاون ، تجارت، خطے کی سکیورٹی صورت حال اور افغانستان پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہتری کی خواہش کا اظہار کیا
۔ اس موقع پر معید یوسف نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی نئی عبوری حکومت سے بات کرنے اور روابط قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے میں امن کے لیے خطرہ ہیں۔ امریکی وفد نے افغانستان سے انخلا اور افغان مہاجرین کی مدد کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔