امریکی نو منتخب صدرجوبائیڈن نے صدارت کے پہلے روز کے احکامات کو حتمی شکل دے دی

109

واشنگٹن۔18جنوری (اے پی پی):امریکی نو منتخب صدر جو بائیڈن نے اپنے عہدِ صدارت کے پہلے روز کیے جانے والے ایگزیکٹو احکامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔جوبائیڈن کی جانب سے نامزد کردہ وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف رون کلین کے مطابق حلف برداری کے بعد جوبائیڈن ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع اقدامات کو واپس لینے کے علاوہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کریں گے۔اُن کے بقول نو منتخب صدر بائیڈن وائٹ ہاؤس میں پہلے 10 روز کے دوران ملک کی سمت کا تعین کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈرز کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 20 جنوری کو حلف برداری کے فوری بعد جوبائیڈن بعض مسلمان ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں امیگریشن لینے پر پابندی ختم کرنے کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پیرس معاہدے میں امریکہ کو دوبارہ شامل کر دیں گے۔جوبائیڈن وفاقی املاک اور ریاستوں کے مابین سفر کے دوران ماسک کی پابندی بھی لازمی قرار دینے کے احکامات جاری کریں گے۔ رون کلین نے سینئر سٹاف کو بھجوائے گئے میمو میں کہا کہ صدارت کے پہلے روز جوبائیڈن لگ بھگ ایک درجن احکامات جاری کریں گے۔جوبائیڈن طلبہ کو قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید مہلت کے علاوہ کورونا وبا کی وجہ سے مشکلات سے دوچار افراد کی بے دخلی روکنے کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کریں گے۔کلین کا میمو میں کہنا تھا کہ نو منتخب صدر کے ان اقدامات سے لاکھوں امریکیوں کو فائدہ پہنچے گا جو کوروناوبا کے اس دور میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔رون کلین کا مزید کہنا تھا کہ جو بائیڈن کے اہداف پر مکمل عمل درآمد کے لیے کانگریس کا فوری ایکشن درکار ہو گا۔