امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈٹرمپ نے یوکرین کی روس کے اندردور تک میزائل داغنے کی مخالفت کر دی

178

نیویارک ۔13دسمبر (اے پی پی):امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کی جانب سے روس کے اندردورتک میزائل داغنے کی مخالفت کی ہے ۔اے ایف پی کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ یوکرین کی طرف سے روس کی گہرائی میں امریکی فراہم کردہ میزائل داغنے کی مخالفت کرتے ہیں۔تاہم ٹرمپ نے کہا کہ وہ یوکرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ یوکرین کے لیے امریکی حمایت ،جنگ کو بند کرنے کی کوششوں میں کلیدی فائدہ ہوگا۔

سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے’’ اے ٹی اے سی ایم ایس ‘‘میزائل فراہم کیے ہیں جو روس کے اندر دور تک داغے گئے ، روس نے جوابی کارروائی میں اپنے نئے ہائپرسونک میزائل سے جواب دیا ہے۔ٹرمپ نے ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ روس میں سینکڑوں میل اندر میزائل داغنے کے خلاف ہیں ان کے خیال میں یہ ایک احمقانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کر کے ہم صرف اس جنگ کو بڑھا رہے ہیں اور اسے مزید خراب کر رہے ہیں،وہ ایک معاہدے تک پہنچنا چاہتے ہیں اور واحد راستہ جس سے آپ کسی معاہدے تک پہنچنے جا رہے ہیں وہ ترک نہیں کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وہ سب کچھ کریں گے جو ہم کر سکتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق امریکی ’’اے ٹی اے سی ایم ایس ‘‘ میزائل کی زیادہ سے زیادہ رینج 190 میل (300 کلومیٹر) ہے۔ٹائم میگزین نے نومنتخب امریکی صدر کو سال کی بہترین شخصیت قرار دیا ہے۔