ابوظہبی۔20فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کی ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ وام کے مطابق ابوظہبی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خصوصا مشرق وسطیٰ اور فلسطینی علاقوں کی صورتحال اورغزہ بحران سے متعلق جاری سفارتی کوششوں کے ساتھ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اماراتی صدر نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن کی راہ کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں ابوظبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔