ابوظہبی ۔ 26 اگست (اے پی پی) ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور انھوں نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان اعلان شدہ امن معاہدے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق انھوں نے معاہدے کو اس انداز میں مضبوط بنانے کے امکانات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے کہ جس سے خطے میں امن واستحکام کی اساس فراہم ہوسکے۔ان کی اس بات چیت سے قبل متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے وزرائے دفاع نے گزشتہ روز مشرقِ وسطیٰ میں امن واستحکام اور دونوں ملکوں کے درمیان ٹھوس دوطرفہ تعلقات کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔دونوں وزراءنے اس معاہدے کے بارے میں اپنے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس سے خطے میں امن واستحکام کے امکانات میں اضافہ ہوگا کیونکہ یہ اس سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔