منیلا ۔ 28 فروری (اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے رہنماو¿ں سے بات کی ہے اور انہیں کوئی بھی ایسا قدم اٹھانے سے گریز کرنے کو کہا ہے جس سے جنوبی مشرقی ایشیا میں کشیدگی اور جنگ کا خطرہ بڑھ جائے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویتنام سے فلپائن جاتے ہوئے اپنے ساتھ طیارے پر موجود صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کیلئے براہ راست دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت سے فون پر رابطہ کیا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے روس اور ترکی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم عمران خان سے خطے میں موجود صورتحال کے بعض پہلوو¿ں پر بات چیت کی اور دونوں ملکوں کو بات چیت سے معاملات حل کرنے پر زور دیا۔