ریاض ۔ 14 جنوری (اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کے دورے کے دوران پیر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔جرمن نشریاتی ادارےکے مطابق اس ملاقات میں خاص طور پر یمن میں جاری جنگی کارروائیوں میں کمی لانے پر بات کی گئی۔ مائیک پومپیو گزشتہ شام قطر سے سعودی عرب پہنچ تھے۔ وہ ان دنوں مشرق وسطیٰ کے نو ملکوں کے دورے پر ہیں۔ اتوار کی شام امریکی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات میں ایران کے ساتھ کشیدگی کے علاوہ شام، افغانستان، یمن اور لیبیا کے معاملات پر بھی گفتگو کی تھی۔