جدہ۔7جون (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر بات چیت کی ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ 3روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ۔ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کےدرمیان تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران سوڈان اور یمن میں تنازعات کے خاتمے کی کوششوں، داعش کے خلاف مشترکہ جنگ اور اسرائیل کے ساتھ عرب دنیا کے تعلقات پر بھی گفتگو ہوگی۔ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں علاقائی اور دوطرفہ مسائل پر گفتگو کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق پر عمومی اور مخصوص مسائل کے حوالے سے بات کی۔
ملاقات میں سوڈان سے امریکیوں کے انخلا کے لیے سعودی عرب کی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی۔توقع ہے کہ امریکی وزیر خارجہ خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو ریاض جائیں گے۔