امریکی وزیر دفاع نے مارشل لا کی کوشش کے بعد جنوبی کوریا کا دورہ منسوخ کر دیا

106
US Secretary of Defense
US Secretary of Defense

واشنگٹن۔6دسمبر (اے پی پی):امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جنوبی کوریا کا دورہ منسوخ کر دیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دو امریکی حکام نے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے صدر کی رواں ہفتے مارشل لا لگانے کی ناکام کوشش کے بعد اس سے پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اب جنوبی کوریا کا سفر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ۔

ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سفر کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن اب یہ طے پایا ہے کہ یہ مناسب وقت نہیں ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ سفری منصوبوں میں تبدیلی کے حوالے سے جنوبی کوریا سے مشورہ کیا گیا ہے۔

منگل کو دیر گئےجنوبی کوریا کے صدر کے مارشل لا کے اعلان میں طاقت کو مستحکم کرنے، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور میڈیا کو سنسر کرنے کی کوشش کی گئی جس نے عوام میں غم و غصہ اور جنوبی کوریا کے بین الاقوامی اتحادیوں میں تشویش کو جنم دیا۔اس اقدام کی سفارش کرنے والے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے استعفیٰ دے دیا ہے۔