امریکی وفد سے ملاقات، شاہ عبداللہ دوم نے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کردیا

65
King Abdullah II of Jordan
King Abdullah II of Jordan

عمان ۔17فروری (اے پی پی):اردن نے غزہ یا مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کردیا۔العربیہ اردو کے مطابق اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم سے سینیٹر رچرڈ بلومینتھل کی سربراہی میں امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی ۔شاہ عبداللہ دوم نے اردن اور امریکا کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت اور اسے تمام شعبوں میں مضبوط کرنے کی خواہش پر زور دیا۔

شاہ عبد اللہ دوم نے اس بات پر زور دیا کہ دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ اور جامع امن کا حصول ہی خطے کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دینے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے امن کی کوششوں کی حمایت میں امریکا کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

شاہ اردن نے اردن کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے میں زمینوں کو ضم کرنے اور فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی کی پائیداری کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے ردعمل کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔