35.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 7, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکی ٹیرف میں اضافہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کےلئے مہلک...

امریکی ٹیرف میں اضافہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کےلئے مہلک ثابت ہوگا، سفارتی سطح پر بات چیت کے اقدامات کئے جائیں، پاکستا ن کارپٹ ایسوسی ایشن

- Advertisement -

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):پاکستا ن کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر ز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے )نے امریکی صدر کی جانب سے 29فیصد ٹیرف کے نفاذ پر پاکستانی حکومت اورامریکا کی مختلف ایسوسی ایشنز کو انتہائی اقدام پر مبنی فیصلہ واپس کرانے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف میں اضافہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کےلئے مہلک ثابت ہوگا، سفارتی سطح پر بات چیت کے اقدامات کئے جائیں۔

پی سی ایم ای اے کے پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد کی جانب سے وزارت تجارت کو ارسال کئے گئے خط میں ٹیرف کے نفاذ کے باعث ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت پر پڑنے والے منفی اثرات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ ایسوسی ایشن نے امریکا کی جانب سے ٹیرف کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، یہ فیصلہ دوسری صنعتوں خصوصاًپاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے لیے مہلک ترین اقدام ثابت ہو گا جس کا ہماری دیہی معیشت سے بھی گہرا تعلق ہے۔

- Advertisement -

پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت ہزاروں کاریگروں بالخصوص دیہی علاقوں کی خواتین کے لیے آمدن کا واحد ذریعہ ہے۔ خط میں ٹیرف کے ممکنہ نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسابقت میں کمی سے امریکی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستانی قالینوں کی مانگ میں کمی آئے گی جس سے برآمدات متاثر ہوں گی ،طلب میں کمی ہونے سے ہنر مند کاریگروں کی بڑی تعداد بیروزگار ہو سکتی ہے۔

پی سی ایم ای اے نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں فوری طور پر امریکی حکام سے سفارتی سطح پر بات چیت کا آغاز کیا جائے اور اس صنعت کو نئے ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دلوانے کی بھرپور کوشش کی جائے ۔ علاوہ ازیں پی سی ایم ای اے کی جانب سے امریکہ کی مختلف ایسوسی ایشنز کو بھی تحفظات پر مبنی خطوط ارسال کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کاٹیج انڈسٹری ہے اور اس سے ہزاروں ہنر مندوں خصوصاً دیہی علاقوں کی خواتین کا روزگار وابستہ ہے ۔

مذکورہ ایسوسی ایشنز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس کے لئے اپنی آواز بلند کریں اور ہاتھ سے بنے قالینوں کی کاٹیج انڈسٹری کو ٹیرف سے استثنیٰ دلوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578798

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں