امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے کوئی بھی موقع ضائع نہیں کریں گے، ایرانی صدر حسن روحانی

87

تہران۔11نومبر (اے پی پی):ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے کوئی بھی اقدام کریں گے اور اس کے لیے کوئی بھی موقع ضائع نہیں کریں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر نے بدھ کو ہفتہ وار کابینہ اجلاس میں کہا کہ ہم امریکی پابندیوں کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے جس کا مقصد ایرانی عوام کے کندھوں سے پابندیوں کے دبائو کو ختم کرنا ہے اور جہاں بھی ہمیں اس کا موقع ملا ہم اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے کیونکہ کوئی بھی ایسے اقدامات اور مواقع ضائع نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور مفاد گروہی اور متعصبانہ امور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار نہیں چھوڑتے تو اس سوچ کے ساتھ بہت محتاط ہو کر امریکہ بارے ایران کی پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ نئی امریکی حکومت صدر ٹرمپ کے مقابلے میں نئے راستے کا انتخاب کر سکتی ہے اور اگر نہیں کرتی تو یہ ان کی اپنی مرضی پر منحصر ہے۔