اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):امریکی ڈالرکے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کوگزشتہ ہفتہ کے دوران دنیا بھرمیں بہترین کرنسی ہونے کا اعزازحاصل ہواہے۔
بلوم برگ اورسٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق 30 ستمبر2022 کو امریکی ڈالرکے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر228.45 روپے ریکارڈکی گئی تھی جو7 اکتوبرکو3.9 فیصدکی کمی کے بعد219.92 روپے ہوگئی، 49 ممالک کی اسی فہرست میں پاکستانی کرنسی کو امریکی ڈالرکے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔برازیل، چلی اورناروے کی کرنسیاں اس فہرست میں بالترتیب دوسری،
تیسری اورچوتھی پوزیشن پررہی۔اس کے برعکس امریکی ڈالرکے مقابلہ میں بھارت کی کرنسی کی قدرمیں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔30 ستمبرکوامریکی ڈالرکے مقابلہ میں بھارتی کرنسی کی قدر81.35 روپے تھی جو 7 اکتوبرکوبڑھ کر82.33 روپے ہوگئی،
اسی طرح گزشتہ ہفتہ کے دوران بنگلہ دیش کی کرنسی کی قدرمیں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ 30 ستبرکوامریکی ڈالرکے مقابلہ میں بنگلہ دیش کی کرنسی کی قدر101.24 ٹکہ ریکارڈکی گئی تھی جو7 اکتوبرکو 102.75 ٹکہ ہوگئی۔امریکی ڈالرکے مقابلہ میں بنگلہ دیش کی کرنسی کی قدرمیں ہفتہ واربنیادوںپر1.5 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔