اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ قبل ازیں وزارت خارجہ آمد پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے وفد کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے امریکی رکن کانگریس الہان عمر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دو طرفہ مراسم ہیں، پاکستان، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کے بعد مظلوم کشمیریوں کی پرزور حمایت اور ان کے حق میں آواز اٹھانے پر الہان عمر کا شکریہ ادا کیا۔ ممتاز پاکستانی امریکن ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید بھی ملاقات میں موجود تھے۔