امریکی کمپنیوں کی کامیاب سرمایہ کاری پاکستان کی عظیم کاروباری صلاحیت کی تصدیق ہے، پاکستانی سفیر مسعود خان

122

واشنگٹن۔19مئی (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ 240 ملین کی بڑھتی ہوئی پاکستانی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی بڑی منڈیوں کی خدمت کے لیے ملک کے سٹریٹجک مقام کابھی استعمال کریں۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں گزشتہ روز مشروبات بنانے والی معروف کمپنی پیپسی کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ایک متوسط کاروباری طبقے اور ترقی پذیر معیشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات نے کاروباری برادری کے لیے بڑے مواقع پیدا کیے ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار کو بڑھاسکیں اور منافع کما سکیں۔ پیپسی کو کے سینیئر ایگزیکٹوز محمد کھوسہ اور کیرولین برسن نے مشروبات اور خوراک کے شعبوں میں پاکستان میں اپنی کمپنی کی کامیابی کو نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان جیسے علاقائی ممالک کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کی برآمد کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار شدہ کھانے کی مصنوعات قطر، ملائیشیا اور فلپائن کو بھی برآمد کی جا رہی ہیں۔پیپسی کے سینئر ایگزیکٹو محمد کھوسہ نے بتایا کہ پیپسی کو پاکستان میں سالانہ 80 سے 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے جس میں اضافہ کیا جائے گا اور اسکو متنوع بھی بنایا جائے گا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک میں کاروباری برادری کی کامیاب سرمایہ کاری کے لیے سٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روڈ شوز کا انعقاد اور کاروباری وفود کے تبادلوں کی فریکوئنسی کو بڑھانے سے بہتر روابط اور کاروباری نیٹ ورکس کو فروغ دینے اور کاروباری افراد کو دستیاب کاروباری مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔پاکستانی سفیر نے نیویارک، واشنگٹن ڈی سی، ہیوسٹن، شکاگو اور لاس اینجلس جیسے بڑے امریکی شہروں میں روڈ شوز کے انعقاد کی تجویز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں، امریکن بزنس فورم، امریکن بزنس فورم، کونسل اور یو ایس پاکستان بزنس چیمبرامریکن بزنس کونسل اور امریکا پاکستان بزنس چیمبر کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امریکا میں پاکستانی مشنز کی طرف سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر پیپسی کے ایگزیکٹوز نے امریکا میں روڈ شوز اور نمائشوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دیگر کاروباری اداروں اور تنظیموں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے امکانات کو فروغ دینےپر اتفاق کیا۔