جدہ ۔11جولائی (اے پی پی):الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی لوسیڈ گروپ رواں سال کے آخر تک سعودی عرب میں بڑی گاڑیوں کی پیداوار شروع کرے گی۔امریکی کمپنی لوسیڈ کے مشرق وسطی میں نائب صدر اور مینجنگ ڈائریکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ لوسیڈ سعودی عرب میں درمیانے اور بڑے سائز کی کاروں کی پیداوار شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اس وقت مارکیٹ میں پیور ٹورنگ، گرینڈ ٹورنگ اور سافیر ماڈلز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2025 میں یہ کار عالمی مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔فیصل سلطان نے کہا کہ سعودی مارکیٹ میں نئے حریفوں کی آمد اچھی بات ہے اس وقت یہاں کی سڑکوں پر برقی کاروں کی تعداد میں اضافے سے انفراسٹرکچر میں تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔
فیصل سلطان نے کہا کہ لوسیڈ کاریں اپنی ٹیکنالوجی اور کارکردگی کے حوالے سے صارفین میں مقبولیت حاصل کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوسیڈ کا موازنہ مرسیڈز کی ایس سیریز یا بی ایم ڈبلیو سیون کی قیمتوں کے حوالے سے کریں تو لوسیڈ کی قیمت نہایت مناسب ہے۔فیصل سلطان نے مزید کہا گاڑیوں کی قیمتیں مارکیٹ میں مسابقتی ماحول رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ لوسیڈ کار 2 لاکھ 99 ہزار ریال میں دستیاب ہے جبکہ روایتی کاروں میں کچھ کی قیمت 4 لاکھ ریال تک کی ہے۔ ٹیکنالوجی اور کارکردگی کی بات کی جائے تو لوسیڈ کی خصوصیات اور کارکردگی ان سے بہتر ہے۔