اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دارانہ کان کنی، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ کے ذریعے ویلیو ایڈیشن کو یقینی بنا کر دنیا بھر میں نمک کی بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے،کان کنی پاکستان کی ایک اہم صنعت ہے جس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،نمک کی تجارت کو ریگولرائز کرنے اور عالمی مارکیٹ میں اجناس کو مسابقتی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے برانڈنگ میکنزم بنانے پر خصوصی توجہ سے مذکورہ صنعت کو ایک نئی تحریک ملے گی، انہوں نے یہ بات امریکی کمپنی Miracle Salt Collective Inc. USA کے صدر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین و دیگر عہدیداران سےملاقات کے دوران کہی ،وفد میں کمپنی کے چیئرمین و صدر احمد خان، سی ای او رابرٹ ہیریسن اور مسٹر ٹیڈ بیلنٹائن، نائب صدر گلوبل فنانسنگ، مسٹر جعفری میلنڈرVP آپریشن اور مارٹن عنصرشامل تھے۔ اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی کی مشیر ڈاکٹر افشاں ملک ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور شوکت مسعود اور جوہر علی راکی سمیت ،کنوینئر ایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی ایڈیبل آئل ارحم اکرام، صدرآئی آئی اے احمد خان، سابق صدور آئی سی سی آئی شکیل منیر زاہد مقبول، وائس چیئرمین پاکستان مائننگ ایسوسی ایشن،سمیت عریقی احمد، غلام ناصر، عبدالوہاب بزنجو، لیاقت علی سلطان و دیگر بھی موجود تھے۔
چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی ملک سہیل حسین نے بتایا کہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پی ایم ڈی سی اور امریکی کمپنی کے مابین معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ درحقیقت کان کنی پاکستان کی ایک اہم صنعت ہے۔ پاکستان میں کوئلہ، جپسم، تانبا، چونا پتھر،ماربل،سونا، کرومائٹ، معدنی نمک، باکسائٹ اور نمک ، سیمنٹ سمیت کئی دیگر معدنیات سمیت متعدد معدنیات کی اعلی صلاحیت موجود ہے،مختلف قسم کے قیمتی اور نیم قیمتی پتھر بھی ہیں جن کی کان کنی بھی کی جاتی ہے۔ یہ وہ شعبے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔
ملک سہیل حسین نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان دنیا کے سب سے بڑے نمک کے ذخائر میں سے ایک ہے جو 209 کلومیٹر پر محیط ہیں پاکستان کی گلابی نمک کی صنعت کو معیاری بنانے کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات کے بعد کاروبار زیادہ منافع بخش ہو گیا ہے اور اس میں مزید ترقی کی توقع ہے۔اس موقع پر امریکی کمپنی کے صدر احمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گلابی نمک کی برآمد سے خطیر زرمبادلہ کما سکتا ہے، امریکی کمپنی نے پاکستان کے نمک کی کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا اور اس سلسلہ میں پراسسنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی اہمیت اجاگر کی تاکہ پراسسنگ کے دوران کم سے کم ضیاع کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر موجود شرکا نے کہا کہ مائننگ ایریاز میں تربیتی مراکز اور لیبارٹریز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔