امن انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کی موجودگی سے ہی ممکن ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف جنگ بندی یا خاموشی کا نام نہیں، بلکہ یہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کی موجودگی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے رواں سال کے تھیم کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل …

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف جنگ بندی یا خاموشی کا نام نہیں، بلکہ یہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کی موجودگی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے رواں سال کے تھیم کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت اور مظالم کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی بلا روک ٹوک جارحیت نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی امن کے لیے بھی مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کے غزہ میں مظالم اور بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔یہ سانحات محض علاقائی مسائل نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر پر لگے زخم ہیں، جو دنیا سے فوری عمل اور پختہ عزم کا تقاضا کرتے ہیں، بلاول نے زور دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حقیقی امن خاموشی یا جبر سے قائم نہیں کیا جاسکتا۔ امن کے لیے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتہاپسندی، غربت اور عدم مساوات جیسے عوامل امن اور استحکام کے سنگین خطرات ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پاکستان کے بانیان اور پیپلز پارٹی کی شہید قیادت کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ایک باوقار، منصفانہ اور پُرامن وطن کا خواب دیکھا اور اس خواب کی تعبیر کے لیے جانوں کے نذرانے دیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت قومی و بین الاقوامی سطح پر امن کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک پُرامن پاکستان نہ صرف ہمارے عوام کی خواہش ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مقدس امانت بھی ہے۔ پیپلز پارٹی ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے عین مطابق ہو اور دنیا میں امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد ایک پُرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جاری رکھے گی۔

مزید خبریں