امووایبل پراپرٹی کی ٹرانسفروسیل ڈیڈ پر ٹیکس کی ادائیگی کی جانچ پڑتال کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت

143

فیصل آباد۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):امووایبل پراپرٹی کی ٹرانسفروسیل ڈیڈ پر ٹیکس کی ادائیگی کی جانچ پڑتال کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

اس سلسلہ میں کمشنرسلوت سعید کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہواجس میں انہوں نے ہدایت کی کہ کمیٹی میں ریونیو سے متعلقہ امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے افسران کو شامل کیاجائے۔انہوں نے مسنگ سیل ڈیڈز کی چھان بین کیلئے اے ڈی سی آر فیصل آباد کی سربراہی میں قائم کمیٹی سے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ لی اورکمیٹی کی طرف سے سست روی پرسخت برہمی کا اظہارکیا۔کمشنر نے سٹمپ ڈیوٹی کی ریکوری اور ایویلیوایشن ٹیبل کے بارے میں بھی دریافت کیااور سوال کیا کہ رجسٹری پاس کرنے سے پہلے ٹیکس کی ادائیگی کی تصدیق کیوں نہ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایام کے سب رجسٹرار اربن ون اور ٹو سے وضاحت لی جائے۔انہوں نے اے ڈی سی آرسے کہا کہ وہ اپنے آفس میں رجسٹریاں منگواکر ٹیکس کی ادائیگی کی تمام رسیدیں چیک کریں۔کمشنر نے کہا کہ ریونیو افسران اور عملہ اپنا قبلہ درست کرلیں۔اے ڈی سی آر آئندہ سوموار کو ورکنگ کی جامع رپورٹ پیش کریں۔کمشنر نے خبردار کیا کہ ذمہ داریوں کا ادراک نہ کرنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا۔