امپورٹ پالیسی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے ، رانا احسان افضل کی آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

5
Rana Ehsan Afzal
Rana Ehsan Afzal

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ امپورٹ پالیسی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے ، مشاورتی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز تجاویز دیں تاکہ ایک جامع اور موثر امپورٹ پالیسی کی تشکیل ہو سکے۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن (اے پی سی ڈی آئی اے )کے سرپرست اعلیٰ، چیئرمین اور نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں اے پی سی ڈی آئی اے کے وفد نے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کے ذریعے کمرشل گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دینے کے حکومتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت سے کمرشل گاڑیوں کی درآمد کے لیے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جا سکتی ہے۔

رانا احسان افضل خان نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ وزارت تجارت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ پالیسی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے شامل کرنے کے بعد اس کو جاری کیا جائے گا ۔