ملتان۔ 22 فروری (اے پی پی):ملتان سلطانز کے کپتان و قومی کرکٹ ٹیم کے مایا ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ امید ہے پی ایس ایل 8 کے اگلے میچوں میں بھی جیت کے تسلسل برقرار رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف اپنی ٹیم کی جیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔محمد رضوان نے کہا کہ ملتان کے کراؤڈ نے ملتان سلطانز سمیت تمام ٹیموں کو سپورٹ کیا،ملتان میں ہم نے پانچ میچ کھیلے جس میں چار میں جیت ہوئی،امید ہے کہ ہماری ٹیم ہوم گراونڈ سے نکل کر اگلےمیچوں میں بھی جیت کے تسلسل برقرار رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف ہمارے باؤلرز نے بہت زبردست بولنگ کی،جیت کا کریڈٹ بالرز کو بھی جاتا ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ پولارڈ ٹیم کا سینئر کھلاڑی ہے اس کے مشوروں سے فائدہ ہوتا ہے مگر کپتان نے تمام چیزیں دیکھنی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز پاور پلے میں ایک مرتبہ ہم سے میچ لے گئے تھے لیکن آخری گیند تک ہم نے ہمت نہیں ہاری اور جیت ہمارا مقدر بنی۔