امید ہے کہ آنے والے دنوں میں غزہ جنگ بندی پر مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، امریکی وزیر خارجہ

66
امید ہے کہ آنے والے دنوں میں غزہ جنگ بندی پر مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، امریکی وزیر خارجہ

دوحہ ۔25اکتوبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔العربیہ کے مطابق وہ قطر میں رپورٹرز سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے اپنے جاری دورے کے دوران زیر بحث آنے والے امور کے بارے میں کہا ہم نے اگلے مرحلے کے اقدامات کا جائزہ لیا ہے اور میں دیکھتا ہوں کہ ہم آنے والے دنوں میں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے تفصیلی گفتگو کی اور غزہ میں اسرائیلی جنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ آئندہ دنوں جنگ بندی کی راہ ہموار ہو سکے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی جلد ممکن ہو سکے۔

ان کی کوشش ہے کہ وہ امریکی انتخابات کے تناظر میں اسرائیل کے لئے خطے کے ملکوں میں نرم گوشہ پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کر لیں۔وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا امریکا و اسرائیل کے نمائندے کسی بھی وقت قطر آجائیں گے تاکہ جنگ بندی کے لیے مذاکرات کے سلسلے میں کوئی پیش رفت ہو سکے۔

واضح رہے انٹونی بلنکن ان دنوں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ ان کا اسرائیل کی غزہ جنگ کے دوران اب تک اس خطے کا یہ گیارہواں دورہ ہے۔