امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے افتتاح کی تقریب سے خطاب

204

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے قومی سلامتی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے وہ پاک بحریہ کی موسم بہار کی شجرکاری مہم کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر خطاب کر ہے تھے، گزشتہ کامیاب شجرکاری مہمات کے بعد پاک بحریہ نے اس سال ملک کے مختلف حصوں میں 40 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحرایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے قومی سلامتی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے میں پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، ملک میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاک بحریہ خصوصی طور پر شجرکاری مہم کو فروغ دے رہی ہے۔ شجرکاری کے افتتاح کے موقع پر مہم کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔