امیرمقام نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو یوم نجات قرار دے دیا

273
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

پشاور۔18جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے اسے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے یوم نجات قرار دے دیا۔اپنے ایک بیان میں امیرمقام نے کہا کہ الحمدللہ ہم پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کی پانچ سالہ خراب کارکردگی سے نجات ملا، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اس دن کو تاریک دور کے خاتمے کے طور پر منائیں، پی ٹی آئی نہ صرف معیشت کو تباہ کر چکی ہے بلکہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں بھی بری طرح ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور صوبائی اسمبلیوں کے دوبارہ انتخابات کرائے گی،وفاقی حکومت معیشت کی بحالی کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران نیازی ملک کو ہر سطح پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔امیرمقام نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے عوام کے دس سال ضائع کیے اور صوبے کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا،10 سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کو عمران نیازی اور پی ٹی آئی نے صرف مایوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام ایسے جھوٹے اور یوٹرن ماسٹرز کی بجائے سنجیدہ لوگوں کو منتخب کریں، آخر کارخیبرپختونخوا کے عوام کو نااہل اور کرپٹ ٹولے سے نجات مل گئی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے والوں کو سیاسی طور پر تحلیل کردیں گے۔