اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کے لئے روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی ترقی کے لئے ناگزیر ہے،سی پیک کی تکمیل کے بعد بحری شعبے کے بدلتے محرکات کے باعث پاکستان کی بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا، بحری انتظامی امور، بندرگاہوں اور بحری تربیتی اداروں میں خواتین کے لئے ساز گارماحول اور روزگار کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو کہ دیر پا ترقی کے لئے نا گزیر ہے۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے پر اپنے پیغام میں امیر البحر نے کہا کہ ورلڈ میری ٹائم ڈے جیسے مواقع ملک میں بحری آگہی میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے 2019 کے موقع پر پاک بحریہ نے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جسکا مقصد پائیدار ترقی کے لئے اقوم متحدہ کے اہداف کے تناظر میں اس شعبے میں خواتین کی شراکت پر روشنی ڈالنا تھا۔ اس سلسلے میں میری ٹائم میوزیم ، کراچی میں ایک رنگا رنگ میری ٹائم میلے کا انعقاد، نیشنل انسٹیٹیوٹ فار میری ٹائم افیئرز (NIMA ) ، کراچی کی جانب سے ” بحری کمیونٹی میں خواتین کو با اختیار بنانا” کے موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام اور بحری ماحول کے تحفظ کے بارے میں آگہی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے ہاربر کی صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کے لئے موجود مواقع اور ملکی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کے حوالے سے بحریہ یونیورسٹی اور کنئیرڈ کالج لاہور میں لیکچرز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ بحریہ ماڈل کالج گوادر میں ” ایک بچہ۔ایک درخت©” کے عنوان سے ایک شجر کاری مہم کا اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے طلباءطالبات نے بھرپور شرکت کی۔