لاہور۔1اپریل (اے پی پی):امیر المومنین حضرت علی مرتضی ؑکایوم شہادت پیر کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس دن کی مناسبت سے مساجد میں محافل جبکہ امام بارگا ہوں میں مجالس کا انعقاد کیا گیا اور عزاداری کے جلوس نکالے گئے گے ،جن سے علما ،ذاکرین اور سکالرز نے خطاب کرتے ہوئے حضرت علی مرتضی ؑکے اسوہ پر روشنی ڈالی۔حضرت علی مرتضی ؑکے یوم شہادت کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں مرکزی جلوس مبارک حویلی موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔
جلوس میں عزا داروں نے حضرت علی مرتضی ؑکو پرسہ اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلاگامے شاہ بیرون بھاٹی گیٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔درایں اثنا مبارک حویلی میں عزاداری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ نماز فجر کے بعد ہی عزاداروں کی بڑی تعداد مبارک حویلی پہنچ گئی تھی ۔واضح رہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 192 عزاداری جلوسوں اور 812مجالس کاانعقاد کیا گیا۔اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔