انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران حکومت انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائے گی، ہر سیاسی جماعت کو اپنی بات کرنے کا پورا حق حاصل ہے، مرتضی سولنگی

149
Murtaza Solangi
Murtaza Solangi

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائے گی، ہر سیاسی جماعت کو اپنی بات کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اے آر وائی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے جبکہ نگران حکومت انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی ہرممکن معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے تیار ہے،۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو اپنی بات کرنے کا پورا حق حاصل ہے،۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت اپنی خواہش کے مطابق لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، تمام سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک اور سوال پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والی پی ٹی آئی کے اپنے پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھ رہے ہیں، شفاف انتخابات کا مطالبہ کرنے والی پی ٹی آئی اپنی جماعت میں جمہوریت نہیں چاہتی۔