انتخابات کے بعد مستحکم حکومت کا قیام اولین معاشی ضرورت ہے،احسن اقبال

98
پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ذر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے،فائیو ایز معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے،احسن اقبال

لاہور۔ 15 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن 2017 کی مردم شماری کے مطابق ہوں گے یا 2023 کی نئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے اس کا حتمی فیصلہ آئین اور قانون کی روشنی میں الیکشن کمیشن کرنے کا مجاز ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ صوبوں کی درخواست پر مردم شماری کا وقت بار بار آگے بڑھانا پڑا اس لیے اصل شیڈول جس کے مطابق مردم شماری کو 30 اپریل تک مکمل ہونا تھا وہ شیڈول متاثر ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا حکومت اپنی مدت بڑھانا نہیں چاہتی۔ وزیر اعظم شہباز شریف صاف کہہ چکے ہیں کہ حکومت آئینی مدت مکمل ہونے پر حکومت چھوڑ دے گی اس کے بعد الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ وہ آئینی تقاضوں کے مطابق انتخابی شیڈول جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد مستحکم حکومت کا قیام اولین معاشی ضرورت ہے۔