اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات کے دن 8 فروری کو پولنگ سٹیشن کے 400 میٹر کی حدود میں کسی قسم کی مہم ، ووٹرز کو ووٹ کے لئے قائل کرنے اور کسی خاص امیدوار کے لئے مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔
یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ پولنگ سٹیشن کے 100 میٹر کے اندر کسی خاص امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا اس کو ووٹ نہ ڈالنے کے لئے حوصلہ شکنی پر مشتمل نوٹس، علامات، بینرز یا جھنڈے لگانے پر مکمل طور پر پابندی ہوگی جبکہ سیاسی جماعتیں ، امیدواران ، الیکشن ایجنٹ یا ان کے حمایتی، پولنگ والے دن دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن سے 400 میٹر اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر اپنے کیمپ لگا سکیں گے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز اور پولیس انتظامیہ مندرجہ بالا شقوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے، اس کی خلاف ورزی غیر قانونی فعل تصور کی جائے گی جس پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔