انتخابی نتائج بدلنے کا الزام، ڈونلڈ ٹرمپ جیل جانے والے پہلے سابق امریکی صدر بن گئے

97
ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن۔25اگست (اے پی پی):سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران ریاست جارجیا کے نتائج تبدیل کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا، جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ جیل جانے والے پہلے سابق امریکی صدر بن گئے۔

جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست جارجیا کی فلٹن کاونٹی جیل میں ’’مگ شاٹ‘‘ (بطور مجرم تصاویر) لینے کے بعد2 لاکھ ڈالر بطور مچلکہ جمع کرانے کے بعد سابق صدر کو رہا کر دیا گیا۔ امریکا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سابق صدر کی جیل میں مجرموں کی طرح تصاویر اتاری گئی۔

فلٹن کاونٹی جیل کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق انہیں قیدی نمبر پی او 1135809 نمبر دیا گیا۔ ان کی جسمانی جانچ بھی کی گئی۔ جیل سے رہا کیے جانے کے فوری بعد ڈونلڈ ٹرمپ ایئر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ نیوجرسی کے لیے روانہ ہو گئے۔نیوجرسی روانہ ہونے سے قبل انہوں نے کہاکہ یہاں جو کچھ ہوا وہ انصاف کا مذاق ہے، میں نے کچھ غلط نہیں کیا اور ہر کوئی یہ جانتا ہے۔

انہوں نے اپنے خلاف کارروائی کو انتخابی مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے قطعاً کچھ غلط نہیں کیا اور ہمارے پاس ایک ایسے انتخاب کو چیلنج کرنے کا حق ہے جو ہمارے خیال میں بد دیانتی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امریکا کے لیے شرمناک دن ہے۔ اس موقع پر سابق صدر نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔ امریکی تاریخ میں کسی بھی سابق صدر پر فوجداری جرائم کا الزام نہیں لگا البتہ ڈونلڈ ٹرمپ4مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان پر مجموعی طور پر 91 الزامات ہیں۔