اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے شرپسند ٹولے کو پاکستان کی ترقی، عزت اور وقار میں اضافہ اور برطانیہ میں آرمی چیف کا پرتپاک استقبال ہضم نہیں ہو رہا، پی ٹی آئی ہمیشہ ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند رہی ہے، ان کے لئے پاکستان کوئی معنی نہیں رکھتا، انتشاری ٹولہ جو مرضی کوشش کرلے، پاکستان ترقی کرتا رہے گا، پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
جمعرات کو میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، معیشت میں واضح بہتری آ رہی ہے، معاشی اعشاریے دن بدن بہتر ہو رہے ہیں، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک پاکستانی ترسیلات بھجوا کر اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں اور دوسری جانب پی ٹی آئی کا ایک چھوٹا سا شرپسند ٹولہ پاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان میں انتشار پھیلایا، نفرتیں اور تقسیم پھیلائی، اس ٹولے نے پہلے دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور جناح ہائوس کو آگ لگائی، یہ بھی نہیں دیکھا کہ یہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا گھر رہا ہے، انہوں نے شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسے لوگ جو پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں، پاکستان کے مفاد اور سالمیت کی خاطر شہید ہو جائیں، اس ملک کی سلامتی کے لئے اپنا خون بہا دیں ان سے کسی کی کیا دشمنی ہوگی؟ تحریک انصاف ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہے، انہوں نے 9 مئی کے حملے کئے جس میں ان کے سرکردہ رہنما لیڈ کر رہے تھے جن کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے پاکستان کے دفاع کو نقصان پہنچا کر دشمن کا خواب پورا کرنے کی کوشش کی۔ یہ وہ لوگ ہیں جو دہشت گردوں کو پاکستان لے کر آئے، انہوں نے دہشت گردوں کو دوست بنایا اور انہیں یہاں بسایا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مکمل حمایت کرتے رہے ہیں، انٹرنیشنل میڈیا میں ان کی تقاریر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار بانی چیئرمین پی ٹی آئی ہیں جو دہشت گردوں کو واپس لائے، 9 مئی کے حملے کروائے، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کی، دفاعی تنصیبات اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، آئی ایم ایف کو خط لکھے جو ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آرمی چیف برطانیہ کے دورہ پر ہیں، برطانیہ میں رائل ملٹری اکیڈمی میں آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور رائل ملٹری بینڈ نے پاکستان کا قومی ترانہ بجایا اور انہیں سلامی پیش کی۔ وہاں ان کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا، یہ بات تحریک انتشار کو ہضم نہیں ہو رہی کیونکہ یہ پاکستان کی عزت و وقار کا معاملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کیڈٹ اور افسران کو رائل ملٹری اکیڈمی میں بڑے اعزازات سے نوازا جاتا ہے، ہمارے جوانوں اور افسران کا ٹریننگ اور پروفیشنلزم میں بہت اعلیٰ معیار ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاک فوج، ریاست اور پاکستان کی معیشت کے ساتھ کھڑے ہیں، اس کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا انتشاری ٹولہ چاہتا تھا کہ پاکستان کو نقصان پہنچے، اس لئے تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھے، یہ جن لوگوں کا ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں ان کی آئیڈیالوجی پاکستان کے خلاف ہے، وہ ہمیشہ پاکستان کے خلاف رہے ہیں، یہ مٹھی بھر شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر چھوٹی چھوٹی مہمات چلا رہے ہیں۔
محبت وطن پاکستانیوں نے ان کی مہم کو مسترد کیا ہے، وہ اس حق میں نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو کوئی بھی پاکستان کی سالمیت، بقاءاور مفاد کو نقصان پہنچائے گا اس کے لئے قوانین موجود ہیں، قانون حرکت میں آئے گا، کسی کے خلاف قانون سے ہٹ کر کارروائی نہیں ہوگی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، عزت اور وقار میں اضافہ ہو تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کا انتشاری ٹولہ جو مرضی کوشش کرلے، پاکستان ترقی کرتا رہے گا، انتشاری ٹولے کی پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی، ان کے لئے پاکستان کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال میں معیشت کے لئے بہت کام کیا ہے، یہ بات بھی ان کو ہضم نہیں ہو رہی، خیبرپختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے مشکلات کا شکار ہیں، یہ وہاں بات نہیں کرتے، یہ صرف پاکستان کی معیشت کے خلاف احتجاج کریں گے، ان کو نظر آ رہا ہے کہ پاک فوج کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے اب یہ چاہ رہے ہیں کہ کسی طریقے سے اس کو متنازعہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محب وطن اوور سیز پاکستانیوں نے آپ کی کال مسترد کردی ہے، آپ نے بائیکاٹ کرنے کا کہا جبکہ ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، پاکستان ترقی کرے گا، آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے انتشاری ٹولے کے کہنے سے لوگ نہیں نکل رہے، بیرون ملک بھی لوگوں نے ان کی ہر کال مسترد کر دی ہے، تحریک انصاف کی سیاست زوال کا شکار ہے، ان کے پاس اب کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں،
کبھی فوج کو سیاست میں ملوث کرتے ہیں اور کبھی آرمی چیف کے دورہ پر احتجاج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ہماری فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ اللہ نے جو عزت دینی ہو وہ مل کر رہتی ہے، پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔