19.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومکھیل کی خبریںانتظار کی گھڑیاں ختم، آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آج...

انتظار کی گھڑیاں ختم، آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے انگلینڈ میں شروع ہوگا، افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا

- Advertisement -

لندن ۔ 29 مئی (اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ کا بارہواں ایڈیشن آج سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ انتظامات مکمل، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے انتظامیہ نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں، میگا ایونٹ میں ریکارڈ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیمیں انگلینڈ میں 11وینیوز پر کھیلیں گی اور انکے درمیان فائنل سمیت48 میچز کھیلے جائینگے۔ عالمی کپ کا افتتاحی میچ آج کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز (کل) جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کریگی، یہ میچ ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن دو بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد ناٹنگھم میں پہنچ چکی ہے اور پریکٹس میں مصروف ہے، ٹیم کے کھلاڑی پہلے میچ میں شرکت کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب نظر آرہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ ہر ٹیم پہلے مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 9 میچز کھیلے گی جس کے بعد 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو کرکٹ کا سب سے بڑا جشن قرار دیا ہے جس کے مقابلے 200 ممالک میں دیکھے جائیں گے۔ مجموعی طور پر نشریات دیکھنے کا وقت 13 ارب گھنٹے ہوگا، ایک ارب گھنٹے کا وقت ڈیجیٹل میڈیا پر میچز دیکھتے ہوئے بھی صرف ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کیلئے مجموعی طور پر 30 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں، کسی ایک میچ کیلئے 4 لاکھ تک امیدوار بھی سامنے آئے، ایک لاکھ 10 ہزار خواتین اور ایک لاکھ انڈر ۔16 بچے بھی تماشائیوں میں شامل ہوں گے، 8 فین زونز بنائے گئے ہیں۔ میگا ایونٹ کو محفوظ بنانے کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے، سابق فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے 3 سال کی انتھک محنت سے حفاظتی منصوبہ تیار کیا، اقدامات کی چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز ورلڈ کپ میں پہلے ہی آزمائش ہوچکی ہے، تمام 11 وینیوز میں دوران میچ کوئی غیر متعلقہ ڈرون بی پر نہیں مارسکے گا، ورلڈ کپ کی سیکیورٹی سربراہ جل میک کریکین نے کہا ہے کہ کچھ ٹیمیں اپنے سیکیورٹی ماہرین بھی ساتھ لائی ہیں، وہ بھی ہمارے انتظامات سے مطمئن ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ 16 جون کے پاک بھارت میچ کو بھی کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ انتظامیہ نے سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں بارش کے باعث متاثر ہونے والے میچز کے لئے ریزرو ڈے بھی رکھے ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=149004

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں