راولپنڈی۔ 19 نومبر (اے پی پی):انتظامیہ اور آئیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں تیزی آگئی ضلع بھر بلخصوص راولپنڈی شہر میں آپریشن جاری ہے جبکہ انسداد بجلی چوری ٹیموں نے راولپنڈی شہر میں اصغر مال سکیم،باغ سرداراں، چاندنی چوک،کمیٹی چوک، گنج منڈی،یپر ودھائی،گلزار قائد سمیت مختلف علاقوں میں میٹر چیکنگ کی۔
تحصیل انفورسمنٹ کمیٹیوں کی جانب سے ضلع بھر میں انسداد بجلی چوری اقدامات کے سلسلے میں گھریلو صارفین کے ساتھ کمرشل پلازوں ، ہوٹلوں ، ہسپتالوں اورتعلیمی اداروں میں میٹر کی چیکنگ کی گئی۔
حالیہ انسداد بجلی چوری آپریشن میں آئیسکو حکام کی جانب سے پولیس کو بجلی چوری میں ملوث 219 افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں جبکہ اب تک پولیس کی جانب سے158افراد کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
فوکل پرسن اے سی ہیڈ کوارٹر چوہدری وحید صادق کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری اقدامات کے حوالے انتظامیہ کا آئیسکو ٹیموں کے ساتھ کامیابی سے مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
عوامی شکایات کی روشنی میں بھی انسداد بجلی چوری ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں۔ بجلی چوروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ضرورت کے مطابق انسداد بجلی چوری ٹیموں کو سیکیورٹی مہیا کی جا رہی ہے۔