انتظامی حکام نے اچانک چھاپے مار کر1900 بیگزچینی اور 220 بوری یوریا کھاد برآمد کرلی

121
ڈیرہ غازی خان، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 399 افراد گرفتار

فیصل آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد کے انتظامی حکام نے اچانک چھاپے مار کر1900 بیگزچینی اور 220 بوری یوریا کھاد برآمد کرلی۔اسسٹنٹ کمشنر صدر فضل عباس نے ذخیرہ اندوزوں سے قبضہ میں لے گئی چینی کے 1900 بیگز ڈجکوٹ میں سستا بازار لگا کر عام مارکیٹ سے 20 روپے فی کلو کم قیمت پر فروخت کرادیئے۔انہوں نے چینی کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا اور کہا کہ ذخیرہ اندوزوں سے ضبط کی گئی اشیائے ضروریہ صارفین میں رعایتی نرخوں پر فروخت کرائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تحصیل انتظامیہ سرگرم عمل ہے اور ذخیرہ اندوزوں وناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔شہریوں اور چینی خریدنے آنے والے صارفین نے انتظامیہ کے احسن اقدام کو سراہا اور کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

دریں اثناڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)خالد محمود کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سمندری سلیمان منشااور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سمندری حافظ عدیل احمدنے مختلف مقامات پر کھادڈیلروں کی دکانوں اور سٹوروں پر چھاپے مارے۔اطلاع ملنے پر اڈا سلونی جھال سمندری میں گرانفروش کی ٹریکٹر ٹرالی پر ذخیرہ شدہ 220 بوری یوریا کھاد برآمد کر لی جوکہ کاشتکاروں کو مقرر کردہ سرکاری قیمت پر فروخت کی جائے گی اور25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

مزید برآں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے احکامات پر ضلعی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی منڈیوں کے دورے کرکے پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ محمد عثمان نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کے ہمراہ سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا اور پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کی مانیٹرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر عمل شفاف اور طے شدہ طریقہ کارکے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹ کی موجودگی اور اس کے مطابق پھل وسبزیوں کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔