جنیوا۔15نومبر (اے پی پی):اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش ادارے کی قیادت کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے جنیوا میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انتونیو گوتریش اقوام متحدہ کے سربراہ بننے کے لائق نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے حماس کی مذمت کے لیے کچھ نہیں کہا ۔ ایلی کوہن کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب اقوام متحدہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری میں اپنے 100 سے زائد ملازمین کی ہلاکت پر سوگ منایا تھا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے یہ انکشاف کیا کہ ریڈ کراس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر حراست کسی قیدی سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کے سربراہ سے ملاقات کے بعد جاری بیانات میں کہا کہ قیدیوں کے معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، آج تک ہمارے کسی بھی یرغمالی نے ریڈ کراس سے ملاقات نہیں کی۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ نے غزہ کی پٹی میں خوفناک صورتحال اور بہت سے ہسپتالوں میں جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن گوجریک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔