اقوام متحدہ۔20دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انتہائی دائیں بازو کے نظریات کو مغربی ممالک میں دہشت گردی کابڑا ذریعہ قرار دے دیا۔ انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ ثابت ہوا ہے کہ آج کے دور میں مغربی ممالک میں دہشت گردی کا سب سے بڑا خطرہ انتہائی دائیں بازو کے نظریات،نیو نازی ازم اور سفید فام بالادستی سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ہمیں نیو نازی ازم اور سفید فام بالادستی کی ہر شکل، یہود دشمنی اور مسلم دشمنی کی کسی بھی شکل کی بہت واضح اور بہت مضبوط مذمت کرنی چاہئے جسے ہم مغربی معاشروں اوردنیا کے دیگر حصوں میں بھی بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں،
یہ واضح طور پر ایک خطرہ ہے، اور ہمیں اس خطرے کا مضبوط عزم کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت کا تختہ الٹنے کی انتہائی دائیں بازو کی بغاوت کی کوششیں دنیا بھر کے جمہوری معاشروں کے لیے خطرے کی صرف ایک مثال ہیں۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ایک خاص ذمہ داری ہے کہ وہ آزادی صحافت کو برقرار رکھیں اور نفرت انگیز تقاریر اور انتہا پسندی کی شکلوں سے بچیں۔
انہوں نےاس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ صحافت کی آزادی کو خطرہ لاحق ہے، صحافیوں کو ان کا کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ ہو رہا ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مالکان کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اظہار رائے کی آزادی بالخصوص صحافیوں آزادی کا احترام کیا جائے اور ان سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعےنفرت انگیز تقریر، نیو نازی ازم، سفید فام بالادستی اورشدت پسندی کی دوسری صورتوں کا خاتمہ کیا جائے۔