انجینئرنگ یونیورسٹی شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے فائنل ائیر طلباء کے پراجیکٹس نمائش کا انعقاد

303
Engineering University Peshawar
Engineering University Peshawar

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے فائنل ائیر طلبہ کے پراجیکٹس نمائش انجینئرنگ یونیورسٹی میں انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے فائنل ائیر طلبہ کے 37 پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے گئے تھے۔تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور تھے جنہوں نے نمائش کا افتتاح کیا۔انہوں نے طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے طلبہ پر فخر ہے جو کہ تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کے ساتھ ساتھ تخلیقی کاموں میں بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے ساتھ اپنی روابط کو مزید مضبوط بنائیں اور اپنی طلباء کو انڈسٹری میں زیادہ سے زیادہ مواقع دلا ئیں۔اس مقصد کیلئے انہوں متسقبل قریب میں ایک کور کمیٹی بنانے کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنچز سے نمٹنے کیلئے اپنے کردار ادا کریں۔

بعد ازاں انہوں نے نمائش میں رکھے گئے پراجیکٹس کا دورہ کیا اور طلباء کی کوششوں کو سراہا۔نمائش کا اہتمام شعبہ مکینیکل انجینئرنگ نے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ کے زیر نگرانی کیا تھا جبکہ نمائش کیلئے تعاون بلڈنگ انرجی ریسرچ سینٹر یو ای ٹی پشاور نے کیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ نے اس موقع پر کہا کہ فائنل ائیر پراجیکٹ مکینیکل انجینئرنگ کی ایک باقاعدہ فیچر ہے جو طلباء کو تعلیم کے دوران سیکھے گئے تجربات کو نمائش کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فائنل ائیر پراجیکٹس نمائش کا اہتما م باقاعدگی سے ہر سال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں یونیورسٹیوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ صنعت کے ساتھ مضبوط روابط قائم کریںوہیں صنعت کو بھی جامعات کیساتھ اپنے وسائل/سہولیات کا اشتراک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ٹیم نے اپنے دورے میں شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے چار بیچز کواو بی ای سسٹم کے تحت ایکرڈیشن کی منظوری دی۔ او بی ای سسٹم کے تحت حاصل کردہ ڈگری بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے جو کہ ہم سب سے کیلئے قابل فخر ہے۔ انہوں نے کامیاب پراجیکٹ نمائش کے انعقاد پر ڈاکٹر سید شوکت علی شاہ،ڈاکٹر محمد عالم زیب خان اور کمیٹی کے دیگر ممبران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اے ایس ایم ای اور IMechEسٹوڈنٹ سوسائٹیز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ایویلیوایشن کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر طفیل حبیب، شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ یو ای ٹی پشاور، انجینئر فاروق احمد خٹک،شعبہ مکینیکل انجینئرنگ جی سی ٹی کوہاٹ اور انجینئر سعد اللہ خان،چیف انجینئر او جی سی ایل ٹف گیس فیلڈ،کوہاٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔بہترین ڈیزائن پراجیکٹ کے ایوارڈز میںپہلا انعام ”کواڈریپلجک مریضوں کے لیے ملٹی موڈ وہیل چیئر انٹرفیس کے ڈیزائن اور نفاذ” جس کی نگرانی ڈاکٹر فیروز شاہ نے کی، دوسرا انعام پروجیکٹ ”ہائبرڈ کار آف 200cc IC انجن اور الیکٹرک کار” جس کے سپروائزر کے خدمات انجینئر عدنان رشید جبکہ تیسرا انعام انجینئر ندیم الرحمان کے زیر نگرانی پروجیکٹ ”مائنڈ کنٹرولڈ میونک آرم” نے حاصل کیا۔ بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ،چئیرمین شعبہ مکینیکل انجینئرنگ اور پروفیسر ڈاکٹر رضوان گل نے نمائش میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے پراجیکٹس کی ٹیموں میں شیلڈز اور کیش انعامات تقسیم کئے۔ نمائش میں مختلف صنعتوں کے نمائندوں سمیت فیکلٹی ممبران، طلباء اور اندسٹری کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔