شاور۔ 20 دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹیڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز(یو این او پی ایس)کے باہمی تعاون سے ’’گھر‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد گزشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں کیا گیا۔
جس میں ماحول دوست، پائیدار اور سستے گھروں کی تعمیر پر کنسٹرکشن شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ سیمینار کا مقصد طلباء اور پیشہ ور افراد کو ماحول دوست اور معاشی طور پر قابل عمل تعمیراتی طریقوں کو اپنانے کی آگاہی دینا تھا۔ اقوام متحدہ کے پاکستان کیلئے کنٹری منیجر برائن فاوسٹ نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں ماحول دوست تعمیرات کے لیے پاکستان کی تکنیکی صلاحیت کو بڑھانے میں یو این او پی ایس کے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے یو ای ٹی پشاور کی شعبہ سول انجینئرنگ اور ارتھ کیویک انجینئرنگ سینٹر کا ذکر کرتے ہوئے اس سلسلے میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے کوششوں کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر سحر نور، ڈین آف انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر بشیر عالم ، چئیرمین شعبہ سول انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ،پروفیسر ڈاکٹر خان شہزادہ، پروفیسر ڈاکٹر امجد نصیر و دیگر مقررین نے گرین ہائوسنگ ، پائیدار اور سستے تعمیرات کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور شرکاء کو موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی پیدا کی۔