گلگت۔14جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ضلع گھانچے میں سپاہی محمد انور کی شہادت پران کی والد اور خاندان سے ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری جی بی کونسل سدھیر خان خٹک،وزیر تعمیرات گلگت بلتستان سید امجد زیدی،کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم، ڈی آئی جی بلتستان رینج فرمان علی، ایس ایس پی گھانچے راجہ ناصر، ڈی سی اسکردو کیپٹن ریٹائرڈ طیب حبیب اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شہید سپاہی کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اوردھرتی کے بیٹے سپاہی محمد انور کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید سپاہی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہاکہ ہم یہاں اس مٹی کے بہادر بیٹے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آئے ہیں، جس نے قوم کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے ’شہادت‘ کو گلے لگایا۔پاک فوج کی لازوال داستان کو شہداء نے اپنے خون سے لکھا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء جنہوں نے اپنی قوم اور ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ہیروز پر فخر ہے جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر خصوصی طور پر یہاں آئے ہیں۔دھرتی کے ایسے بہادر اور نڈر فرزندوں کا ہونا ہمارے ملک کے لیے اعزاز ہے۔ ہمیں شہداء فخر ہے، ہم ان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر شہید کے لواحقین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔