پشاور۔ 01 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے وفاقی حکومت کی جانب سے پارا چنار کے تمام متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان کرتے ہوئے کمشنر کوہاٹ کو پارا چنار میں نقصانات کی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اتوار کو کوہاٹ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ملک اور عوام کے بہترین مفاد میں پارا چنار میں امن کی بحالی پر زور دیا۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اوروفاقی حکومت کی جانب سے ناخوشگوار واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی روح کے ایصال ثواب ، بلندی درجات اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار کا معاملہ صرف صوبےکا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے،اس مسئلے کے حل کےلیے ہم سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، میں ذاتی طور پر سیاسی اختلافات کے باوجود وزیراعلیٰ ہاؤس گیا اور گورنر خیبر پختونخوا بھی وزیراعلیٰ ہاؤس گئے، میری خواہش یہ تھی کہ پارا چنار میں قیام امن کیلئے ہم سب اکٹھے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہو سکتے ، ہمیں مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو معاوضہ فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں وہ خود وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، میں اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے بھی پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ مکانات اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک میں استحکام نہیں دیکھ سکتے اسلئے انہوں نے ہمارے درمیان تفرقہ پیدا کرنا شروع کر دیا ہے،پاراچنار میں امن کی بحالی ملک اور پوری قوم کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چند عناصر جو امن و امان کی صورتحال خراب کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے سیاسی رہنماؤں اور علمائے کرام پر بھی زور دیا کہ وہ قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔