اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے حالیہ کامیاب آپریشن پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی اعلان پر یوم تشکر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے پی کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم کیلئے تاریخی کامیابی کا جشن منانے کا دن ہے اور اس موقع پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ کے پی کے کے ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی علی ہادی نے پاکستان مسلم لیگ ن کی کارکردگی سے متاثر ہوکر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جس نے اس خوشی کو مزید دوبالا کردیا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا اور پھر یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا غیرقانونی اقدام رچا کر پاکستان کی امن کی خواہش کو رد کرتے ہوئے ڈرون اور میزائلوں سے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا اور پاکستان کی امن کی خواہش اور پہلگام واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کو کمزوری سمجھتے ہوئے جنگ کا آغاز کردایا جس کا پاکستان کی بہادر افواج اور شاہینوں نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور ایسا سبق سکھایا جو وہ ساری زندگی نہیں بھلا سکے گا۔ جس کے بعد پوری دنیا نے جان لیا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے ذریعے کس طرح خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے تمام عزائم اور خواب چکنا چور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو عسکری ہی نہیں سفارتی محاذ پر بھی شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے مقبوضہ کشمبر کے عوام کو اپنی ننگی جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے انسانی حقویق کی سنگین پامالیاں کر رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام جو نہتے بھارتی جارحیت، قتل و غارت گری اورعصمت دری کے واقعات کا سامنا کرتے آرہے ہیں اور بھارتی قابض افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب امریکی صدر نے بھی کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو حل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کی اصل بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل استصواب رائے کے ذریعے ناگزیر ہے جس سے بھارت 75 برس سے انکاری تھا۔ امید ہے کہ اب بھارت مزید کشمیریوں پر ظلم روا نہیں رکھ سکے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ آج پوری قوم کے سر افواج پاکستان نے فخر سے بلند کردیئے ہیں، پورے کے پی کے میں ملک بھر کی طرح اظہار تشکر منایا جارہا ہے۔ انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی علی ہادی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
مسلم لیگ ن کے پی کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھارت کے خلاف حالیہ کامیاب فوجی آپریشن اور مادر وطن کے بھرپور دفاع پرافواج پاکستان کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں قوم نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران غیرمعمولی اتحاد اورعزم کا مظاہرہ کیا۔ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور افواج پاکستان کے تمام افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کی جن کی بہادری سے یہ جنگ ہم نے جیتی ہے۔ انہوں نے ایم پی اے علی ہادی کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ میڈیا نے جس انداز میں کشیدگی کے دوران مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا وہ بھی قابل تحسین ہے۔ علی ہادی نے بھی اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا اور ضلع کرم کے عوام کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے مشکل وقت میں خوراک اور ادویات بھجوانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد منتخب ہوکر اعلان کیا تھا جو پارٹی عوام کی خیرخواہ ہوگی اسی میں شمولیت کروں گا اور الحمداللہ مسلم لیگ ن کو میں نے عوام کی حقیقی جماعت پایا ہے جس کی وجہ سے باضابطہ شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595700