اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان، سیفران انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے غیور عوام کو”77ویں” یوم آزادی کے موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک منفرد اعزاز ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ اپنے وطن کی آزادی کا دن دو بار مناتے ہیں ایک 14 اگست کے دن اور دوسرا یکم نومبر کو، اس دن کو گلگت بلتستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے جب اس خطے کے لوگوں نے اپنی آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے یکم نومبر گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اس خوشی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے ان بہن بھائیوں کو بھی یاد کرتے ہیں،غیور کشمیر کے باسی سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کیلئے برسر پیکار ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،افواج پاکستان ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے، گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے اہم خطہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اس خطے کا مستقبل ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن ) نے اپنے ادوار میں گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں،موجودہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی بھر پور کوشش جاری رکھے گی، یہ خطہ سیاحت کے حوالے سے پوری دنیا میں اعلی مقام رکھتا ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ہم سب ملکر گلگت بلتستان اور پاکستان کی ترقی کیلئے ایک ہو کر ترقی کے منازل طے کریں گے۔