اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اتفاقِ رائے سے انجینئر خالد محمود کو آئیسکو کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تعینات کر دیا ہے ۔ترجمان آئیسکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انجینئر خالد محمود توانائی کے شعبے میں وسیع تجربہ اور مضبوط قیادت کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دی ہیں اور ہمیشہ ملازمین کی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور صارفین کے مفادات کے لئے عملی اقدامات کو ترجیح دی ہے ، مزید آپریشن کنسٹرکشن کمرشل جی ایس او کی ایس ای اور دیگر فارمیشنز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود نے کہا ہے کہ انجینئر خالد محمود کی تقرری مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہے جس میں ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور ایک مضبوط لیڈر کی خصوصیات کو مکمل طور پر جانچا گیا ہے اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آئیسکو کے نئے چیف ایگزیکٹیو انجینئر خالد محمود اس اہم زمہ داری کو بہترین انداز میں سر انجام دیں گے اور ان کی قیادت میں آئیسکو کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں ا نہیں آئیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مکمل حمایت حاصل رہے گی ،آئیسکو افسران و سٹاف نے انجنیئر خالد محمود کی بطور چیف ایگزیکٹیو آئیسکو تعیناتی کو خوش آئین قرار دیا ہے۔