لاہور۔29مئی (اے پی پی):نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سابقہ این ٹی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے 297ویں اجلاس میں جنرل منیجر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) انجینئر محمد شاہد نذیر کو منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔انجینئر شاہد نذیر اس سے پہلے جنرل منیجر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔
انجینئر محمد شاہد نذیر نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے الیکٹریکل پاور انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری، یونیورسٹی آف سائوتھ ایشیا لاہور سے الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانک انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری جبکہ یونیورسٹی آف پنجاب لاہور سے ایم بی اے فنانس کی ڈگری مکمل کی۔ انہوں نے اپنے 32سالہ کیرئیر میں پاکستان میں پاور ٹرانسمیشن کے متعدد قومی منصوبوں کو مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے سی پیک کے تحت مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور داسو ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ کے چیف انجینئر کے طور پر کام کیا اور ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک بھی خدمات سر انجام دیں۔اس سے پہلے موجودہ منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد وسیم یونس گزشتہ روز (جمعرات ) کو اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے۔انجینئر وسیم یونس نے آخری روز افسران اور ملازمین سے ملاقاتیں کیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انجینئر شاہد نذیر کو سٹاپ گیٹ بنیاد پر منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی کے عہدے کا چارج سونپا گیا ہے اور وہ مستقل ایم ڈی کی تقرری ہونے تک یہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔تقرری کا نوٹیفکیشن ہونے پر انجینئر شاہد نذیر نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جس اعتماد کا اظہار کیا وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ این جی سی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603081