اندرونی دبائوسے مجبور ہوکر بھارت کا ہلاک ہونے والے پائلٹوں سمیت100سے زائد اہلکاروں کو اعزازات دینے کا فیصلہ

59
اندرونی دبائوسے مجبور ہوکر بھارت کا ہلاک ہونے والے پائلٹوں سمیت100سے زائد اہلکاروں کو اعزازات دینے کا فیصلہ

نئی دہلی۔6جولائی (اے پی پی):آپریشن سندور میں اپنی ہلاکتیں چھپانے والے بھارت کا بھانڈا پھوٹ گیا اورمودی حکومت نے اندرونی دبائوسے مجبور ہوکر آپریشن سندور میں مارے گئے رافیل طیاروں کے 3اور مجموعی طور پر 4پائلٹس اور روسی میزائل دفاعی نظام ایس 400کے 5آپریٹرز سمیت 100سے زائداہلکاروں کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کے سرکاری ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کوعزت اورتکریم سے نوازا جاتا ہے تاہم آپریشن سندور کے دوران ہلاکتوں کوتسلیم نہ کرنے کے حوالے سے بھارتی فوج شدید اندرونی دبائو کا شکار ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن سندور میں بھارتی افواج کو بھاری نقصانات اٹھانے پڑے تاہم بھارتی حکومت اور افواج ہزیمت سے بچنے کے لیے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی نقصان کو آج تک چھپاتی آئی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات ہیں کہ صرف کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کو 250سے زائد ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے آپریشن سندور میں ڈھائی سو سے زیادہ مارے جانے والے فوجیوں میں سے 100سے زائد فوجی اہلکاروں اورپائلٹس کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی رسوائی اور شکست چھپانے کے لیے ہلاکتوں کے حوالے سے حقائق کو آج تک مسلسل چھپاتارہا ہے۔

بھارت کی جانب سے چھپائی گئی ہلاکتوں میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے 7اہلکار بھی شامل ہیں جنہیں اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جی ٹاپ میں 10انفینٹری بریگیڈ کے 5ہلاک اہلکاربھی اعزاز کے مستحق قرار پائے ہیں۔ ہیڈکوارٹر 93انفینٹری بریگیڈ میں ہلاک ہونے والے 9فوجی اہلکاروں کو بھی اعزازات دیے جا رہے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ کے 4 ہلاک پائلٹوں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں رافیل طیاروں کے 3 پائلٹس بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اعزاز حاصل کرنے والوں میں آدم پور ایئربیس پر مارے گئے جدید ایس 400 دفاعی نظام کے 5 آپریٹرز بھی شامل ہیں جبکہ ادھم پور ایئربیس بشمول ایئر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک ہونے والے 9 اہلکاروں کو بھی فوجی اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایوی ایشن بیس راجوری میں ہلاک ہونے والے 2اہلکار اور اوڑی میں ہلاک ہونے والے سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 بھارتی فوجی بھی اعزاز حاصل کرنے والوں کی فہرست کا حصہ ہیں۔

انٹیلی جنس فیلڈ سپورٹ یونٹ نوشہرہ میں ہلاک ایک اہلکار اور 12انفنٹری بریگیڈ اوڑی میں ہلاک 3 فوجیوں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ اور ادھم پور سمیت دیگر دفاعی تنصیبات پر پاکستان کے موثر حملوں کے بعد بھارت جنگ بندی پر مجبور ہواتھا۔

کئی بھارتی جنرل اور سفارتی نمائندے بھی مجبورا تباہ شدہ بیسز اور رافیل کے نقصانات کا اعتراف کر چکے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نام نہاد جمہوری ملک میں ہلاک بھارتی فوجیوں کے لواحقین پر دبائوہے کہ وہ اپنے پیاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ مبصرین سوال اٹھارہے ہیں کہ بھارت نے آپریشن سندور میں فوج کی ہلاکتیں تسلیم نہیں کیں تو اب کیوں اندرونی دبا ئوپر اعزازات دیے جارہے ہیں؟