انسانوں اور جانوروں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال جراثیمی بیماریوں کے علاج کو مشکل بنا دیتا ہے، ڈاکٹر سید اسد علی شاہ

182
انسانوں اور جانوروں میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال جراثیمی بیماریوں کے علاج کو مشکل بنا دیتا ہے، ڈاکٹر سید اسد علی شاہ

پشاور۔ 26 نومبر (اے پی پی):پشاور میں سیکرٹری لائیوسٹاک، فشریز اینڈ کوآپریٹو خیبر پختونخوا محمد اسرارکی سربراہی میں لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوانے فلیمنگ فنڈ کنٹری گرانٹ کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔

سیمینار میں ڈاکٹر عالم زیب، ڈائر یکٹر جنرل لائیوسٹاک (توسیع)، ڈاکٹر محمد اعجاز علی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ریسرچ اور محکمے کے دیگر سنیئر افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سید اسد علی شاہ اپیڈمیالوجسٹ نے اینٹی مائیکرو بئیل ریزسٹنس اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانوں اور جانوروں میں بے تحاشہ اور غیر معتدل اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال جراثیمی بیماریوں کے علاج کو مشکل بنا دیتا ہے اور ان ادویات کی افادیت میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق اس وقت تقریبا دنیا میں 7 لاکھ انسانی اموات اینٹی مائیکرو بئیل ریزسٹنس کے باعث ہو رہی ہیں۔ اس بریفنگ میں ملکی اور صوبائی سطح پراینٹی مائیکرو بئیل ریزسٹنس کے کنٹرول کرنے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک محمد اسرار نے ویٹرنری ڈاکٹروں کو اینٹی بائیوٹک ادویات کے غیر ضروری استعمال سے پرہیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جانوروں کی نگہداشت کے بہتر طریقہ اور صفائی کے بہترین انتظام پر بھی زور دیا تاکہ بیماریوں میں کمی کی وجہ سے اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال میں کمی لائی جاسکے۔

انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کے افسروں کو کسانوں میں اینٹی مائیکرو بئیل ریزسٹنس کے متعلق اگاہی دینے کی ہدایت کی۔اس حوالے سے انہوں ں نے فلیمنگ فنڈ کی جانب سے جاری کوششوں اورتکنیکی تعاون کو سراہا۔سیمنار کے آخر میں عوام الناس میں اینٹی مائیکرو بئیل ریزسٹنس کی اگاہی کے لئے آگہی واک بھی منعقد کی گئی۔