اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایپنک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کامیابی کا زینہ ہے،ایپنک گزشتہ کئی سال سے میڈیا ورکرز کے لئے میدان عمل میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ال پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائیز کنفیڈریشن ایپنک کے دو افراد کو عمرہ پیکج دیتے ہوئے کیا۔عمرہ پیکجز دینے کا اعلان گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ دو ماہ قبل یہاں سینکڑوں میڈیا ورکرز میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کے موقع پر کیا تھا ایپنک کی لوکل چیئرمین محمد صدیق انظر اور میڈیا ورکرز ارگنائزیشن کے صدر کلیم شمیم کو یہ پیکجز دئیے گئے۔
اس موقع پر ایپنک کے لوکل چیئرمین رانا رضوان ارشد نے گورنر کے پی کے فیصل کریم کندی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیصل کنڈی پاکستان پیپلز پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو صوبہ کے پی کے سمیت ملک بھر میں انتہائی قلیل عرصے میں مضبوط سے مضبوط تر کیا ہے انہوں نے عوام سے جب بھی کوئی وعدہ کیا اسے پورا کیا گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت سے کوئی شخص انکار نہیں کر سکتا پاکستان پیپلز پارٹی کی ہمیشہ میڈیا دوستی پالیسی رہی ہے، موجودہ دور میں بلاول بھٹو نے بحیثیت پیپلز پارٹی سربراہ اس پالیسی کو مزید مضبوط کیا ہے، حالیہ پاک بھارت جنگ میں میڈیا اور سفارتکاری کے میدان میں بلاول بھٹو زرداری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا بھر میں ایک عزت دار باوقار ملک کے طور پر اپنی پہچان رکھتا ہے جس کا کریڈٹ پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جاتا ہے ان کی کاوشوں اور پالیسیوں کی وجہ سے پاکستانی فوج پر امت مسلمہ فخر کرتی ہے ۔